5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
تنخواہ دار طبقے پر سیلاب ٹیکس کانفاذ محض قیاس آرائی ہے، قیصر بنگالی
جنگ نیوز -
کراچی . . . سندھ کے معاشی مشیرقیصر بنگالی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام بھی ترقیاتی بجٹ سے کیا جائے گا۔ جبکہ سیلاب ٹیکس کا تنخواہ دار طبقے پر عائد ہونے کی اطلاع محض قیاس آرائی ہے۔معاشی مشیر سندھ قیصر بنگالی نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو آمدنی بڑھانے کے لیے ٹیکس لگانا ہوتا ہے تاہم صرف تنخواہ دار طبقہ ہی مزید بوجھ برداشت کرے گا یہ ایک قیاس آرائی ہے۔ حکومتی اخراجات کم کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شاہانہ اخراجات ایک مفروضہ بن گیا ہے اب حقیقی مانوں میں اسے کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے تاہم اس کے لیے صرف آسائشوں کو نہیں بلکہ کچھ وزارتیں بھی کم کرنی ہوں گی اور ایسے ادارے جو ملک کو صرف خسارہ ہی دے رہے ہیں ان کو بھی ختم کرنا ہوگا۔قیصر بنگالی نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کے لیے کام کررہی ہے اور بہت سے ترقیاتی منصوبے ایک سال کے بجائے 3 سال پر منتقل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔