5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
الطاف حسین کرسی اور طاقت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،میاں افتخار
جنگ نیوز -
چارسدہ …صوبہ خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملک میں مارشل لا کیلئے فوج کو دعوت دیکر موجودہ حکومت اور جمہوریت کیخلاف سازش کی ہے۔ چارسدہ میں ڈی سی او افس میں جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہو ئے میاں افتخار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کا کوئی نظریہ اور سوچ نہیں ہے وہ کرسی اور طاقت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔ میاں افتخار نے مزید کہا کہ الطافحسین جمہوریت اور حکومت کے خلاف سازش کا اکیلا حصہ نہیں بلکہ کسی نہ کسی نے ضرور انکے ساتھ رابطے کئے ہونگے۔ ایم کیو ایم کے قائد اس ملک میں مارشل لا لانا چاہتے ہیں جبکہ اس ملک کو مارشل لا نے تباہ کر دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں میاں افتخار نے کہا کہ سیلاب سے صوبہ پختونخوا میں2 کھرب روپے کا نقصان ہوا ہم نے وفاق سے25 ارب روپے پہلی قسط کے طور پر مانگے ہیں۔ تاہم وفاق سے اب تک نقد ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ اگر مرکز نے صوبے کے عوام کی مدد نہیں کی تو سوبے کے عوام میں احساس محرومی بڑھی گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو باہر سے ملنے والے امداد میں صوبہ پختون خواکا حصہ نقصان کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔