5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سائنس دانوں کا جلد کو ’آرگن سیل‘ میں تبدیل کرنے کا کام یاب تجربہ
جنگ نیوز -
لندن…سینٹرل مانیٹرنگ…برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسی و طبی ماہرین نے کام یاب تجربہ کرتے ہوئے انسانی جِلد کو اعضاء کی نشوونما کرنے والے مختلف خلیوں میں تبدیل کرلیا ہے جس کے ذریعے اب جگر کے مریضوں کی پیوند کاری کا عمل بہت آسان ہوجائے گا۔اس تجربے میں سائنسدانوں نے جگر کے مرض میں مبتلا مریض کے ہاتھ میں سے جِلد کا پتلا سے ٹکڑا لیکر اسے مختلف کیمیکلز کے ساتھ کیمیاوی عمل سے گزار اورایسے بنیادی خلیے تخلیق کرلیے جو جسم کے مختلف اعضاء کے خلیوں میں تبدیل ہوکر ایک عضو کو مکمل طور پر ازِ سر نو تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ماہرین کاکہنا ہے کہ اس طرح مریضوں کے جسم سے حاصل کی گئی جِلد سے تیار کیے گئے خلیوں سے بننے والے اعضاء کی باآسانی پیوند کاری کی جاسکے گی اور جسم اسے قبول بھی کرلے گا۔ تحقیق کرنے والے برطانوی سائنسدان یہ خیال ظاہر کررہے ہیں کہ اس انتہائی آسان طریقہ کار کے تحت اگلے پانچ سالوں میں اعضاء کی پیوند کاری کروانے والے مریض خود اپنے اعضاء تیار کرسکیں گے۔