5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پلاسٹک کو تیل میں بدلنے والی مشین ایجاد کرلی گئی
جنگ نیوز -
ٹوکیو…سینٹرل مانیٹرنگ…جاپان کی ایک نجی کمپنیBlestنے ایسی مشین تیار کی ہے جو ہر قسم کے پلاسٹک کو تیل میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس مشین میں عمل سے گزارا گیا ایک کلو پلاسٹک ایک کلو تیل تیار کرسکتا ہے جسے بعد ازاں ریفائن کرکے کیروسین،گیسولین اور ڈیزل کے شکل میں لایا جاسکتا ہے۔عام طور پر آگ پر پگھلایا جانے والا پلاسٹک کاربن ڈائی آکسائیڈجیسے مضرِ صحت دھویں کا اخراج کرتا ہے تاہم اس مشین میں ایک متعین درجے کے برقی ہیٹر کے ذریعے اسے خام گیس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور اس عمل میں صرف ایک کلو واٹ بجلی استعمال ہوتی ہے۔ پلاسٹک سے تیار ہونے والی خام گیس کو گھریلو استعمال کی اشیاء جیسے اسٹو،بوائلر اور جنریٹر میں استعمال کے علاوہ خالص بنانے کے بعد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔