5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سعودی عرب متاثرین کیلئے دو فیلڈ اسپتال قائم کر رہا ہے
جنگ نیوز -
سعودی عرب متاثرین کیلئے دو فیلڈ اسپتال قائم کر رہا ہے
اسلام آباد…سعودی عرب پاکستان میں سیلاب متاثرین کوطبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دو فیلڈ اسپتال قائم کر رہا ہے جس کے لیے آٹھ سی ون تھرٹی جہازوں کے ذریعے طبی آلات کی پہلی کھیپ چکلالہ ایر بیس اسلام آباد پہنچ گئی ہے ۔سعودی سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی خصوصی ہدایت پر دودوسوبیڈز پرمشتمل یہ فیلڈ اسپتال خیبر پختونخوا کے ضلع چار سدہ اور صوبہ سندھ کے علاقے ٹھٹھہ میں قائم کیے جائیں گے ۔سعودی وزارت صحت کے سینئر اہلکار اور آپریشن کے نگران ڈاکٹر طارق سالم العرنوس نے جیو نیوز کو بتا یا کہ یہ اسپتال آپریشن تھیٹرز ،آئی سی یو ،ایمرجنسی روم ،لیبر روم سمیت تمام تر جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہیں جب کہ لوڈ شیڈنگ کے پیش نظر دونوں اسپتالوں میں چار ہیوی جنریٹرز بھی نصب کیے جائیں گے ۔سعودی سفیر کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنے کھجوروں کے باغات سے ساڑھے تین ہزار ٹن کھجوریں بھی سیلاب زدگان کے لیے بھجوائی ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین نے مختلف امراض کے ماہر ترین 22 ڈاکٹروں کا وفد بھی پاکستان بھیجاہے جبکہ سعودی میڈیکل کور کے 100 ارکان بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت اور سعودی عوام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور جب تک متاثرین کے مسائل ختم نہیں ہو جاتے اپنی امدادی کاروائیاں جاری رکھیں گے ۔