تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 جون 2011
وقت اشاعت: 15:29

متحدہ،پی پی کی تلخیاں جلد دور ہوجائیں گی،مولابخش چانڈیو

آج نیوز - وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کے مابین پیدا ہونے والی تلخیاں جلد دور ہوجائیں گی، ذوالفقار مرزا اب بھی پیپلز پارٹی کے اہم رہنماہیں، اگر وہ اپنا منصب سنبھالتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔ حیدرآباد میں سندھ ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نواز شریف، پرویز مشرف سے کئے گئے 10 سالہ معاہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد مڈٹرم انتخابات کی باتیں کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ایشوز ختم ہوگئے ہیں اسی لئے وہ حادثات و واقعات کی بنیاد پر سیاست چمکارہے ہیں جبکہ نواز شریف کا لب و لہجہ الیکشن کی تیاریوں کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پورے پنجاب کی نمائندہ جماعت نہیں اور اس کا گراف اتنا گرچکا ہے کہ اب اس کا دائرہ کار پنجاب کے مخصوص علاقوں تک محدود ہوگیا ہے، وفاقی وزیرنے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ عدالتوں کے ہر فیصلے کا احترام کیا لیکن اگر نواز شریف حکومت میں آجائیں تو وہ موجودہ چیف جسٹس کو ایک دن بھی برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ تین سال کے دوران صدر آصف زرداری نے چار مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اور مزید دو سال وہ پارلیمنٹ میں خطاب کیلئے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ جن کے زور پر نوازشریف سیاست کرتے ہیں وہاں سے ریسپونس نہ ملنے پر وہ انہی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین ماضی میں بھی تلخیاں پیدا ہوئی ہیں اور کشمیر الیکشن سے متعلق پیدا ہونے والی تلخی بھی اتنا بڑا معاملہ نہیں ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے این آر او سمیت دیگر معاملات پر اس سے بھی سخت لب ولہجہ اختیار کیا گیا تھا بہرحال وہ ایسی کوئی فضاء نہیں دیکھ رہے ہیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا اتحاد سندھ کے مفاد میں ہے، ایم کیو ایم سے جو بھی تلخی پیدا ہوئی ہے امید ہے وہ جلد ہی دور ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ مفاہمتی عمل کے تحت ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے اتحاد کیا گیا اسی بنیاد پر سندھ میں امن وامان قائم ہوا تاہم پاکستان کی معاشی ترقی کے دشمن کراچی کے حالات بگاڑتے رہتے ہیں اور ان کا صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال پیدا کی جائے تاکہ پورے ملک کو بے چین کیا جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.