27 جون 2011
وقت اشاعت: 19:0
کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی تیاری کیلئے الیکشن کمیشن اور نادرا میں معاہدہ
آج نیوز - کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی تیاری کے لئے الیکشن کمیشن اور نادرا میں معاہدہ طے پاگیا۔ تمام ووٹرز کی تصدیق نادرا کے ریکارڈ کے ذریعے کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد اور نادرا کے چیئرمین علی ارشد حکیم نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کی روسے نادرا نئی مردم شماری کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تصدیق کیلئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کا تمام ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا اور انتخابی فہرستوں کی تیاری سے تکمیل تک ہر مرحلے میں الیکشن کمیشن کی مدد کرے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کیلئے غلطیوں سے پاک کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں ہر جماعت اور عوام کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ جس کے لئے ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جس سے انتخابی فہرستوں میں شامل بوگس ووٹ خارج کیے جاسکیں۔ نادرا سے حالیہ معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی فہرستوں کی گھر گھر تصدیق کا مرحلہ اٹھارہ جولائی سے شروع ہوگا جو کہ سولہ اگست تک جاری رہے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ رکھنے والے افراد انتخابی فہرستوں میں اپنے ناموں کا اندراج یقینی بنائیں۔