28 جون 2011
وقت اشاعت: 8:43
ایم کیو ایم کے تمام وزراء نے استعفے دے دیئے
آج نیوز - حکومت سے علیحدگی کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے وفاقی و صوبائی وزراء نے استعفے دے دیئے۔ وفاقی وزراء فاروق ستار، بابر غوری اور ڈاکٹر ندیم اور صوبائی وزراء کے استعفے صدر آصف علی زرداری کو بھجوا دیئے گئے۔ استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم وفاق اور سندھ میں حکومت کی اتحادی رہی ہے، ایم کیو ایم سے کبھی اتحادیوں جیسا سلوک نہیں کیا گیا۔ حکومت نے ایم کیو ایم سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے جس کے باعث حکومت میں رہنا اب ممکن نہیں۔ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد گزشتہ روز استعفیٰ روانہ کرنے کے بعد ہی بیرون ملک چلے گئے۔ استعفیٰ منظور ہونے یا نہ ہونے سے قطع نظر سندھ میں گورنر کا منصب خالی ہوگیا جو آئین کے مطابق سندھ اسمبلی کے اسپیکر نثار کھوڑو نے پر کرلیا ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گذشتہ رات دبئی روانہ ہونے سے پہلے ہوائی اڈے پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال واپسی کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ وہ مستعفی ہوچکے ہیں۔ وجوہات وہ ہی ہیں جو رابطہ کمیٹی بیان کرچکی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے گذشتہ روز چار گھنٹے سے رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونئیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا رویہ ناقابل برداشت ہے آمرانہ سوچ رکھنے والی حکومت کا مزید ساتھ نہیں دے سکتے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم دھونس اور دھمکیوں میں آنے والی نہیں ہے۔آج عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے انیس سو ترانوے اور دوہزار گیارہ میں فرق ہے۔