28 جون 2011
وقت اشاعت: 15:25
الطاف حسین کی فضل الرحمان سے سیاسی امور پر طویل گفتگو
آج نیوز - ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی۔ صدر زداری نے مشاورت کیلئے رحمان ملک کو لندن بلا لیا۔ وزیراعظم سے چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات۔ مولانا فضل الرحمان نے الطاف حسین کو ٹیلی فون کرکے اپوزیشن میں بیٹھنے پر مبارکباد دی۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کیلئے وزیر داخلہ رحمان ملک کو لندن طلب کر لیا ہے۔ رحمان ملک آج رات یا کل کسی وقت لندن روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیر داخلہ کے کسی ممکنہ کردار کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ رحمان ملک اس سے پہلے بھی دونوں جماعتوں میں مفاہمت کیلئے اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اورانہیں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں اکثریت ہونے کے باوجود دیگر جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی میں مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔ ادھر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی الطاف حسین سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے موٴثر کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن میں بیٹھنے پر الطاف حسین کو مبارکباد دی۔