28 جون 2011
وقت اشاعت: 16:29
دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ناممکن قرار
آج نیوز - وزارت پانی و بجلی نے دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ناممکن قرار دے دیا۔حکام کہتے ہیں مختلف منصوبوں کیلئے کام جاری ہے،دو ہزار اٹھارہ میں بجلی کی پیداوار اور طلب برابر ہو جائے گی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس چیئرمین غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزارت پانی و بجلی کے جوائنٹ سیکرٹری نے بتایا دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں لیکن دو ہزاراٹھارہ میں بجلی کی پیداوار اور طلب برابر ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا بجٹ میں دیامر بھاشا ڈیم کے لئے گیارہ ارب روپے اور کرم تنگی ڈیم کے لیے ستر کروڑ ڈالر رکھے گئے ہیں۔ ایم ڈی پیپکو شکیل درانی نے بتایا بھاشا ڈیم کی تعمیر سے حاصل ہونے والی بجلی ایک روپیہ پانچ پیسے فی یونٹ پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں دروٹ ڈیم پر چین کے تعاون سے کام جاری ہے۔ کمیٹی کے رکن سجاد الحسن نے کہا کہ بائیس، بائیس گھنٹے تک لوڈ شیڈ نگ ہو رہی ہے، یہی سلسلہ چلتا رہا تو وہ خود عوام کے ساتھ واپڈا کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔