28 جون 2011
وقت اشاعت: 17:44
وزیراعظم کا سردارعتیق کو ایئرپورٹ پر روکنے کے واقعہ کا نوٹس
آج نیوز - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سردارعتیق کو ایئرپورٹ پر روکنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں قازقستان جانے کیلئے اپنا خصوصی طیارہ فراہم کر دیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد قازقستان میں او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس میں شرکت کیلئے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پہنچے تو انہیں طیارے پر سوار ہونے کی اجازت نہ دی گئی۔ میڈیا سے بات چیت میں سردار عتیق نے کہا کہ انہیں وزارت خارجہ نے بحیثیت وزیراعظم آزاد کشمیر اجلاس میں جانے سے روکا۔ کشمیریوں کی آواز کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ انہیں او آئی سی کے اجلاس میں شرکت سے روکنا مسئلہ کشمیر پر اثر انداز ہونے کی سازش ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سردار عتیق احمد کو اپنا خصوصی طیارہ فراہم کردیا۔ وزیر اعظم نے وزارت خارجہ اور قازقستان میں پاکستانی سفارتخانے کو سردار عتیق کی کشمیر کانفرنس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔