29 جون 2011
وقت اشاعت: 9:15
پنجاب: بارش سے موسم خوشگوار، حادثات میں 12 افراد ہلاک
آج نیوز - پنجاب میں پچھلے بارہ گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے بارہ افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، ایمن آباد، بوریوالہ، دنیا پور، پلکھو، گجرات، کھاریاں، قصور، اوکاڑہ، چونیاں پتوکی اور ملحقہ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ لاہور میں گجومتہ، نین سکھ اور والٹن روڈ پر ورکشاپ اور مکان کی چھتیں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔ ساہیوال میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ اٹھانوے ملی میٹر بارش لاہور ائرپورٹ اور قرب و جوار میں ہوئی، لاہور سٹی چھیالیس، فیصل آباد اڑتیس، بھکر اکیس، ساہیوال تینتیس، جھنگ بیس، بہاولنگر پندرہ، جوہرآباد، منگلا سات، ڈی آئی خان، رسالپور، سرگودھا چھ، کامرہ، کاکول پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تربیلا میں پانی کی سطح چودہ سو سینتیس اور منگلا ڈیم میں گیارہ سو اسی فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب، خیبرپختونخواہ اور کشمیر کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ جنوبی پنجاب میں آندھی آنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں کا مطلع ابرآلود رہے گا۔