29 جون 2011
وقت اشاعت: 16:3
مہران بیس حملہ ،دہشتگردوں کو اندرونی معاونت تھی ، بریفنگ
آج نیوز - پاک بحریہ کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ میں بتایا ہے کہ پی این ایس مہران پر حملے میں چار دہشت گرد ملوث تھے جنہیں بیس کے اندر سے بھی مدد حاصل ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس اسلام آباد میں عذرا فضل کی زیرصدارت ہوا۔
پاک بحریہ کے حکام نے مہران بیس حملے کے حوالے سے کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق بحریہ حکام نے بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کو بیس کے اندر سے بھی مدد حاصل تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کا تعین وزارت داخلہ اور نیوی کی مشترکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا،ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک مسلم لیگ نون کے اراکین نے بحریہ کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا،اجلاس میں قومی ایئرلائن کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا، پی آئی اے حکام نے بتایا کہ سابق ایم ڈی اعجاز ہارون کے دور میں پی آئی اے کو ساٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔
پٹرولیم مصنوعات کی مد میں بھی ادارے کو اب تک چھ ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے،کمیٹی نے کیپٹن اعجاز ہارون کے دور کی آڈٹ رپورٹ طلب کر لی،ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے ائیر بلیو طیارے کے حادثے کے بارے میں بتایا کہ انہیں حادثے کی وجوہات کا علم ہے مگر وہ بتا نہیں سکتے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن خالد چوہدری نے بتایا کہ سانحہ ایئربلیو میں جاں بحق ہونے والے جن لوگوں کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔انہیں اسلام آباد میں اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا۔