29 جون 2011
وقت اشاعت: 17:3
وفاقی محکموں کو صوبوں کی عدم منتقلی پر احتجاج
آج نیوز - پنجاب کابینہ نے وفاقی محکموں کی صوبوں کو مکمل منتقلی نہ کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر اٹھارویں ترمیم کے تحت عملدرآمد نہ ہوا تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صوبوں کو منتقل ہونے والے محکموں کے پینتیس شعبے وفاق نے اپنے پاس رکھ لئے ہیں جن کے اثاثے کھربوں روپے کے ہیں۔ اگر عملدرآمد کمیشن میں اسکا فیصلہ نہ ہوا تو پنجاب حکومت اور مسلم لیگ نون آرٹیکل ایک سو چوراسی ون کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن پر ایم کیو ایم کا موقف قابل تحسین ہے، ایم کیو ایم سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، ایشوز پر اختلاف رائے ہوتا ہے۔
وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ اب اسٹیبلشمنٹ کا سہارا لیکر کوئی حکومت نہیں کرسکے گا، اب اسٹیبلشمنٹ حکومتیں بنانے پر قادر نہیں رہی۔انکا کہنا تھا کہ ووٹرز لسٹیں درست کرکے آزاد کشمیر کا نیا الیکشن ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی پہلے اپنے کیسز کی عدالتوں میں صفائی پیش کریں، ہم سے بعد میں حساب لیں۔