29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:19
بلوچستان کی صورتحال ایچ آر سی پی کی رپورٹ
آج نیوز - ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر رپورٹ جاری کر دی۔ر پورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران صوبے میں ایک سو تینتالیس افراد لاپتہ ہوئے جن میں سے ایک سو چالیس کی لاشیں مل چکی ہیں۔ہیومن رائٹس کمیشن کی چیئرپرسن ظہرہ یوسف نے اسلام آباد میں آئی اے رحمان، حنا جیلانی ، عاصمہ جہانگیر اور سلیمہ ہاشمی کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں جون دو ہزار دس سے مئی دو ہزار گیارہ کے دوران ایک سو چالیس لاپتہ افراد کی لاش ملی ہیں جبکہ سرکاری طور پر صرف ترپن افراد کو لاپتہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ چھ ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں اٹھارہ جبکہ فرقہ وارانہ دہشت گردی میں پانچ افراد کی جانیں گئیں۔حنا جیلانی کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد سے متعلق قائم عدالتی کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا اور نہ ہی کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لائی گئی۔آئی اے رحمان نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ امن و امان کا نہیں سیاسی ہے۔ صوبے میں سیاسی حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،،سارے فیصلے عسکری اسٹیبلشمنٹ کر رہی ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ اگر تمام بلوچ غدار ہیں تو حکومت نے کسی پر مقدمہ کیوں نہیں چلایا، بلوچستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں ۔