30 جون 2011
وقت اشاعت: 14:4
انتخاب عالم کا بیٹسمینوں کیلئے رنر کی سہولت کے خاتمے پر تحفظات کا اظہار
آج نیوز - سابق کپتان انتخاب عالم نے آئی سی سی کی جانب سے پچیس اوورز کے بعد نیا گیند لینے اور بالرز کو ایک اوور میں دو باؤنسرز کی اجازت دینے کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم انہوں نے بیٹسمینوں کے لئے رنر کی سہولت کے خاتمے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے انیس سو بانوے کے عالمی کپ کی طرز پر پچیس اوورز کے بعد نیا گیند لینے اور فاسٹ باؤلرز کو ایک اوور میں دو باؤنسر کرانے کی اجازت دینے کے نئے رولز متعارف کرانا اچھی بات ہے، اس سے باؤلرز کو فائدہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں متعارف کرائے گئے قواعد و ضوابط سے باوٴلرز کا گھیرا تنگ ہوتا تھا جبکہ بلے باز ان قوانین سے فائدہ اٹھاتے تھے، جس کی بنا پر کرکٹ کو بلے بازوں کا کھیل قرار دیا جاتا تھا۔ سابق کپتان نے کہا کہ بیٹسمین کے لئے رنر لینے پر پابندی تشویش ناک ہے۔ انتخاب عالم نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے رولز لاگو ہونے کے بعد ہی ان کے فوائد اور نقصانات سامنے آئیں گے۔