تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 جون 2011
وقت اشاعت: 14:35

کراچی واقعی کراچی ہے!

آج نیوز - اگر آپ پیدائش سے پہلے سے اردو بولتے ہیں اور آپ کی رہائش پیدائش سے پہلے سے کراچی کی ہے توآپ کی رگوں میں کراچی کی محبت زیادہ اور ماں باپ کا خون کم ہوگا۔ آپ کے خیالات میں کراچی کی گلیاں اور خوابوں میں وہاں کے لوگ اکثر آتے ہوں گے۔ کراچی واقعی کراچی ہے اور کیوں نہ ہو اس کی مٹی میں گرمی اور نمی کے ساتھ وہ خوشبو آتی ہے جو پردیس کے گلاب میں بھی نہیں ہوتی۔ کراچی کے ٹریفک کا دھواں بھی عجیب ہے، یہ گلا تو ضرور خراب کر دیتا ہے مگر جب میسر نہیں ہوتا تو یاد آتا ہے۔ میرا بھائی اکثر کہتا تھا کہ تم لوگ فیشیل کروانے میں وقت اور پیسا ضائع کرتے ہوکسی بھی بس کے پاس جا کر کھڑی ہو جایا کرو ، ایک دم فریش ہو جاؤ گی۔
اگر آپ کراچی میں رہے ہیں اور آپ نے ٹو ڈی ، یوفور، جی ٹوئنٹی فائیو، یا ڈبلیوالیون میں سفر نہیں کیا تو یقین جانئے کہ آپ نے زندگی ضائع کردی۔ کراچی کی بسیں تو وہ بسیں ہیں جو آپ کو عشق کی ان بلندیوں پہ لے جاتی ہیں جہاں اگر آپ لڑکے ہیں تو آپ کو سیٹ کے پیچھے سے خاموشی کے ساتھ لڑکی کے دوپٹے پہ اپنا فون نمبر لکھنا آجائے گا اور اگر آپ لڑکی ہیں تو آپ کو بہادری کا وہ گر آجائے گا جس میں آپ کھڑی ہو کر ایک جملہ بولیں گی کہ شرم نہیں آ تی تم کوسیٹ کے پیچھے سے تنگ کر رہے ہو اور پوری بس اس بندے کو مارنے کو ایسے پل پڑے گی جیسے انہوں نے تو زندگی میں کبھی کوئی لڑکی چھیڑی ہی نہیں۔ اکثر توآپ کالج پہنچے تھے توآپ کو پتہ لگتا تھا کہ محلے کے دو چار آوارہ آپ کو با حفاظت کالج چھوڑنے آئے تھے اور اب ان کے لینے آنے کا بھی قوی امکان موجود ہے۔
کراچی کی گلیوں میں کھیل کر جوان ہونا کوئی معمولی بات نہیں بلکہ اس عرصے میں آپ کو گیٹ پھلانگنا ، گھنٹیاں بجا کر بھاگنا، مخالف جنس سے سائیکل پہ ریس لگانا اور اگر لائٹ چلی جائے توچھپ کے پڑوسیوں کے کنڈوں میں رسی باندھ کر گیٹ بجاناآ جاتا ہے اور یہ کراچی کے ہی اسکول ہیں جنہوں نے ہم کو اتنا بہادربنادیاکہ چوک کے ڈبے میں چوک بھر کے پنکھے پہ رکھ کر اور ٹیچر کے آنے پہ پنکھا چلا کر ٹیچر کا استقبال کرتے تھے اورکوک کی بوتلیں جمع کر کے ان کے بدلے کینٹین سے پیسے کمانے کے فن نے تو اچھا خاصا بزنس پرسن بنادیا تھا۔
اگر تہواروں کو یاد کیا جائے تو کراچی کی رونق الگ ہی ہوتی تھی۔ بقر عید پہ آنے والے بکرے کو یہ اعزاز حاصل ہوتا تھا کہ وہ (فرحین) یعنی مالک کے نام سے مشہور ہوجاتا تھا اور لوگ باآواز بلند پکارتے تھے کہ فرحین کا بکرا۔ بکرے کے آنے سے درختوں پہ چڑھنے کا شوق بھی پورا ہوجاتا تھا اور ہم اکثر پڑوسی کے آم کے درخت پہ ہی چڑھے رہتے تھے اور آخر میں پتہ چلتا تھا کہ بکرے کے پیٹ میں ہماری وجہ سے ہی درد ہوا ہے اور عید پہ اونٹ کی سواری کرنا تو جیسے مذہبی فریضہ تھا۔
میری دوست کا کہنا تھا کہ دن میں پڑھا نہیں جاتا کیوں کہ سبزی والے بہت آتے ہیں ،رات کا وقت سکون کاہوتا ہے ۔ ویسے ہماری گلی میں بھی ایک آدمی آتا تھا جو کہ کچھ آواز لگا کر بیچنے کی کوشش کرتا تھا اور میری دوست نے شرط لگا لی کہ بغیر پوچھے بتاؤ کہ یہ کیا بیچتا ہے۔ وہ آواز کچھ یوں لگاتا تھا کہ ( ٹیل ٹوٹی ٹلالووووو) اور مجھے یہ جاننے کے لیے ایک ہفتہ لگا کہ یہ کہتا ہے کہ سل بٹہ کٹوالو۔یہ کراچی کی ہی مہربانی تھی کہ اس نے ہم کو ٹریفک پولیس کو چکما دینا اور گاڑیوں سے لٹک کر نعرے بازی کرنا بھی سکھایا اور چھوٹی سی عمر میں گلیوں میں جھاڑو بھی لگوائی اور چراغاں بھی کروایا۔
آج چاہے کراچی میں کتنے ہی امریکن فوڈچینز کھل جائیں یا فوڈ اسٹریٹ بن جائیں مگر جو مزہ سلور اسپون کے رولز، مسٹر برگر، دستگیر کی نہاری، مزیدار حلیم ،برنس روڈ کے دھی بڑھے، انچولی کی چاٹ، فنگرفش، بنوری ٹاؤن کے جوس، جیل روڈ کی مچھلی، پی آئی ڈی سی کے پان اور اسٹوڈنٹ بریانی کا تھا وہ کسی اور کا نہ تھا اور نہ ہے۔
غرض یہ کہ ہم کو کراچی نے پالا، سمجھ بوجھ دی ، تعلیم کے ساتھ اسٹریٹ اسمارٹ بنایا اور عشق بھی سکھایا۔ کراچی سے عشق جو آج بھی مجھ کو مجبور کرتا ہے کہ میں گوگل میپ پہ جاکر اپنی پرانی گلیاں، اسکول ، کالج، دوستوں کے گھر سب گھوم کر آجاتی ہوں۔
میرے دل نے جس طرح آج بھی کراچی کو محفوظ کیا ہوا ہے اور آنکھوں نے جس طرح حال پہ نظر رکھی ہوئی اسی طرح کراچی کا مستقبل مجھ سے اور میں کراچی سے وابستہ ہوں۔ چاہے میں وہاں کی فضاؤں میں جاؤ یا مٹی میں ، جانا وہاں ہی ہے۔
فرحین رضوی،کراچی

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.