30 جون 2011
وقت اشاعت: 14:32
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کااجلاس
اے آر وائی - اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل کو بتایا گیا ہے کہ حکومت سی این جی اسٹیشنر کو گیس کی فراہمی تین روز جبکہ صنعتوں کو دو روز بند کرنے کی تجویز ای سی سی میں لے جارہی ہے ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس سردار طالب نکئی کی صدارت میں ہوا۔ سیکریٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران گیس نادہندگان سے چار ارب روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر گیس کی قلت کی صورتحال ایسی ہی رہی تو سردیوں میں چار سے پانچ روز گیس کی بند ش ہو گی۔
سیکریٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ دو ہزار چودہ میں مکمل ہو گا۔ کمیٹی نے پابندی کے باوجود گذشتہ چار برس کے دوران چار سو چھیتر سی این جی کنکشن فراہم کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں چیرمین اوگرا سے تفصیلات طلب کر لیں۔