30 جون 2011
وقت اشاعت: 16:33
کرکٹ:پاکستان اور بھارت آئندہ سال مدمقابل آئینگے
آج نیوز - دنیائے کرکٹ کے دو بڑے حریف پاکستان اور بھارت آئندہ سال کے اوئل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔ بھارت چار سال بعد پاکستان کی میزبانی کرے گا۔آئی سی سی فیوچر ٹورز پروگرام کے مطابق آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ بھارت میں تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔ دوہزار آٹھ میں ہونے والے ممبئی حملوں کے بعد سے پاک بھارت کرکٹ روابط تعطل کا شکار ہیں۔ سیریز کا دارومدار دونوں ممالک کی حکومتوں کی اجازت پرہوگا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ دو ہزار سات میں بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلی تھی جس میں میزبان ملک فاتح رہا۔ دونوں ٹیمیں آخری بارورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں۔ پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لئے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کی دعوت پر پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میچ دیکھنے کے لئے بھارت بھی گئے تھے جس کے بعد کرکٹرزاورسیاستدانوں کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان سیریزکی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ لاہورمیں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان انٹرنیشنل میچز کے انعقاد سے محروم ہے، سیکورٹی کی خراب صورتحال کے سبب پی سی بی ہوم سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں کرچکا ہے۔