30 جون 2011
وقت اشاعت: 18:53
سی این جی اسٹیشنز کوتین روز گیس کی فراہمی بند رکھنے کی منظوری
آج نیوز - اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دیدی، سی این جی اسٹیشنوں کو ہفتہ میں تین دن اور صنعتوں کو دو دن گیس کی فراہمی بند رہے گی۔ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں سو فیصد اضافے کی تجویز کو موخر کردیا گیا۔ جبکہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دیدی گئی۔ جس کے تحت سی این جی اسٹیشنوں کو ہفتہ میں تین دن بند رکھا جائے گا اور صنعتوں کو ہفتہ وار دو دن کیلئے گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ ای سی سی نے چار آئی پی پیز کو ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بجلی پیدا کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ گیس نہ ملے تو کمپنیاں ڈیزل استعمال کرسکتی ہیں۔ ای سی سی نے واپڈا سکوک بانڈ کو ٹیکس سے چھوٹ دیدی۔ نیپرا کو آئی پی پیز کے ٹیرف میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے دو بجلی گھروں کو گیس رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای سی سی نے دو ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دیدی جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پررمضان المبارک میں دو ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ ای سی سی نے خان خواڑ ہائیڈل پراجیکٹ کیلئے قرض کی ری لینڈنگ کی منظوری دیدی۔