30 جون 2011
وقت اشاعت: 19:24
گورنر سندھ کا استعفیٰ اب تک نہیں ملا،صدارتی ترجمان
آج نیوز - صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا استعفیٰ ابھی تک ایوان صدر کو نہیں ملا۔ اس لئے نئے گورنر کے تقرر کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ لندن سے ٹیلیفون پر آج نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آصف زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا استعفیٰ ابھی تک ایوان صدر کو موصول نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ منظور یا مسترد کرنے کی باتیں قبل ازوقت ہیں۔ پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم کے بارے میں پالیسی پر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ صدر آصف زرداری نے متحدہ سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ صدارتی ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ ایم کیوایم اس حوالے سے مثبت جواب دے گی۔