1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:49
ایف بی آر نے تاریخ میں پہلی بار ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول کرلیا
آج نیوز - فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاریخ میں پہلی بار ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول کرلیا،چیئرمین ایف بی آرسلمان صدیق کا کہنا ہے کہ محاصل کا ہدف پورا ہونے سے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی یقینی ہوگئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان صدیق نے کہا کہ دوہزاردس گیارہ کیلئے ٹیکس کا ہدف پندرہ سواٹھاسی ارب روپے رکھا گیا تھا جبکہ پندرہ سونوے ارب چھیالیس کروڑ روپے وصول کئے گئے۔ جس سے پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام کی بحالی کی راہ ہموارہوگئی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ان لیڈ ریونیو کے ذریعے ایک ہزار چار سو چھ ارب چھیالیس کروڑ روپے اورکسٹم کی مد میں گیارہ سو چوراسی ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جون میں دوسواٹھہترارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔ سلمان صدیق نے واضح کیا کہ ٹیکس نادہندگان کیلئے ایمنسٹی اسکیم تیس جون کوختم ہوگئی۔ انھوں نے بتایا کہ شہریوں نے ٹیکس جمع کرا کے قومی فرض ادا کیا اوران کے کیلئے ایوارڈ سکیم آئندہ ماہ منظورہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ زیادہ اخراجات اورکم آمدن کے مسائل پرقابو پانا ضروری ہے۔ جن سات لاکھ ٹیکس دہندگان کی نشاندہی ہوئی ہے انھیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔