1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:54
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش، بچہ جاں بحق
آج نیوز - لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ مون سون کی پہلی موسلادھار بارش ہوئی۔ مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور دس افراد زخمی ہو گئے۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفوں کے ساتھ جاری ہے۔ صبح لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، وزیرآباد، گوجرانوالہ، ایمن آباد، کامونکی، حافظ آباد، شیخوپورہ، گجرات، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، دنیا پور، پلکھو، جہلم، تربیلا، قصور، گڑھی دوپٹہ، مظفرآباد، مالم جبہ، بنوں، سیدوشریف اور گوجرہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش سے سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ بعض گاڑیاں پانی میں گھر گئیں جن کے مالکان انہیں دھکا لگا کر نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔ دفاتر میں ملازمین کی حاضری کم رہی۔ لاہور میں رانا ٹاوٴن میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ ہلاک اور بچی زخمی ہو گئی۔ سیلاب سے آگاہ کرنے والے مرکز کے مطابق دریاوٴں میں طغیانی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تربیلا میں پانی کی سطح چودہ سو پینتالیس اور منگلا ڈیم میں گیارہ سو اکیاسی فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں وقفوں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔