1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:1
کرپشن و بدعنوانی کے الزامات: سری لنکن کرکٹ ایڈمنسٹریشن تحلیل
آج نیوز - سری لنکا کے وزیرکھیل نے کرپشن اوربدانتظامی کے الزامات پرکرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کوتحلیل کردیا۔ سری لنکا کے وزارت کھیل کے ترجمان کے مطابق وزیرکھیل مہندانندا التھوگامگے نے کرکٹ ایڈمنسٹریشن کو تحلیل کردیا ہے اور کرکٹ کے امور چلانے کیلئے وہ آج نئی عبوری کمیٹی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ وزیرکھیل نے نئے کرکٹ بورڈ کیلئے الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سوماچندر ڈی سلواکی سربراہی میں کام کرنیوالی کمیٹی پرکرپشن اوربدانتظامی کے الزامات تھے۔ بھارت اوربنگلہ دیش کے ساتھ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کے بعد ملک کی امیر ترین اسپورٹس باڈی پندرہ ملین ڈالرزکی مقروض ہوگئی۔ گزشتہ سات سال سے سری لنکا میں کرکٹ کے معاملات عبوری کمیٹیاں چلا رہی ہیں جن میں سیاستدانوں کے رشتے داروں اورپسندیدہ افراد کوتعینات کیا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ میٹنگ میں کرکٹ بورڈزمیں سیاسی بنیاد پر تقرریاں کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بورڈز کو دو ہزار بارہ تک آزاد الیکشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔