1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:2
ومبلڈن ٹینس: شراپوا اور پیٹراکویٹووا فائنل میں پہنچ گئیں
آج نیوز - روس کی ماریہ شراپوا اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے ومبلڈن ٹینس چیمپئین شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ لندن میں جاری سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں ففتھ سیڈ روس کی ماریہ شراپووا نے وائلڈ کارڈ جرمنی کی سبین لسکی کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ شراپووا نے میچ کے آغاز سے ہی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور چھ چار اور چھ تین سے میچ اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سمی فائنل میں ایٹتھ سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے فورتھ سیڈ بیلاروس کی وکٹوریا ازرینکا کو تین سیٹ کے مقابلے کے بعد زیر کیا۔ چیک کھلاڑی نے ابتدائی سیٹ چھ ایک سے جیت کر برتری حاصل کی۔ ازرینکا نے دوسرے سیٹ میں کم بیک کیا اور چھ تین سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں کویٹووا نے بھرپور مہارت کا مظاہرہ کیا اور چھ دو سے فتح سمیٹ کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔