1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:16
آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے ن لیگ کی پٹیشن واپس کردی
آج نیوز - آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا فل بنچ کراچی میں قانون ساز اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت کل کرے گا۔ سندھ ہائیکورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کی متفرق درخواست پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ ، حکومت، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی آپریشن کو پیر تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی رٹ پٹیشن کی سماعت خصوصی طور پر ہفتے کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف جسٹس غلام مصطفےٰ مغل کی سربراہی میں جسٹس چوہدری منیر اور جسٹس ایم تبسم آفتاب پر مشتمل فل بنچ درخواست کی سماعت کرے گا۔ ایم کیو ایم کے وکیل میر شرافت حسین نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ کو عدالتی مصروفیات کے باعث سماعت ایک روز آگے کی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر کا کہنا ہے کہ انہیں عدالتوں سے انصاف ملنے کی مکمل امید ہے۔دوسری جانب جسٹس اطہرسعید کی سربراہی میں دورکنی بینچ کے روبرودرخواست کی سماعت ہوئی۔ بیرسٹرفروغ نسیم نے کہا کہ عدالت کی ہدایت کے مطابق درخواست آزاد جموں کشمیر میں درخواست زیر سماعت ہے لیکن معاملہ اس رپورٹ کا ہے جس کی وجہ سے انتخابات ملتوی کئے گئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایڈوکیٹ جنرل کو طلب کیا اور نوٹسز جاری کئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پیر کو اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی انتخابی پٹیشن واپس کرتے ہوئے ویلی چار ،پانچ اور ویلی دو کے لیے الگ الگ درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایل اے سترہ پونچھ ایک میں دوبارہ پولنگ روکنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔مسلم لیگ ن نے قانون ساز اسمبلی کے تین حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ حلقہ ایل اے چالیس ویلی دو لاہور میں ووٹر لسٹیں ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق درست نہیں کی گئیں لہٰذا وہاں انتخابی فہرستوں کی درستگی کے بعد الیکشن کرایا جائے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست واپس کرتے ہوئے قرار دیا کہ ویلی چار ،پانچ اور ویلی دو کی قانونی حیثیت مختلف ہے لہٰذا تینوں حلقوں کے لئے الگ الگ درخواستیں دائر کی جائیں۔