1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:2
ایم کیو ایم سے تعاون جاری رہے گا،گیلانی
آج نیوز - وزیراعظم یو سف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صوبائی خود مختاری صوبوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا کیا گیا۔ ایم کیو ایم سے تعاون جاری رہے گا۔ بجلی کی کمی دور کرنے کیلئے دو ہزار میگاواٹ شامل کئے گئے ہیں۔آج نیوز پر پروگرام وزیر اعظم آن لائن میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صوبائی خود مختاری صوبوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی خود مختاری پہلے دے دی جاتی تو مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک میں بجلی کی کمی پوری کرنے کیلئے مزید دو ہزار میگاواٹ شامل کیے گئے ہیں جبکہ گیس کی کمی پر ماسٹر پلان جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم سے تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے تین سال سے وابستگی ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کی منطوری میں ایم کیو ایم کا کردار اہم ہے۔ ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے پارٹی قیادت کام کررہی ہے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی مالیاتی ایوارڈ کا مسئلہ حکومت نے خوش اسلوبی سے حل کیا۔ این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کا مقصد ہی صوبوں کو وسائل کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاق نے صوبوں کو زائد حصہ دیا۔ وزیر اعظم نے بتایاکہ اٹھارہویں ترمیم کے مطابق وزراء کی تعداد گیارہ فیصد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر سات سو تیس ارب روپے خرچ ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتراور متوازن بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ گزشتہ بارشوں میں تباہ ہونے والے بندوں کا معائنہ کریں۔ بارشوں کے انتظامات پر فوج کے ساتھ بھی میٹنگ ہوئی ہے۔