تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:3

شدت پسند لیڈر افغانستان میں موجود ہیں، میجر جنرل اطہر عباس

آج نیوز - پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ فضل اللہ ، فقیر محمد ، عبدالولی اور حکیم اللہ سمیت متعدد شدت پسند لیڈروں نے افغانستان کے علاقوں کنڑ اور نورستان میں محفوظ ٹھکانے بنا لیئے ہیں۔ بی بی سی کو انٹرویو میں اطہر عباس نے بتایاکہ افغانستان میں ٹھکانے بنانے والے شدت پسند سرحد پار کر کے پاکستانی علاقوں میں کارروائیاں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان علاقوں سے جب نیٹو اور افغان فوجی پوسٹیں چھوڑ کر جا رہے تھے تو پاکستانی فوج نے اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور اب یہ خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یکم جون کو پچاس سے زائد تحریک طالبان سوات کے دہشتگردوں نے افغانستان کے صوبے کنڑ سے سرحد پار کر کے لیویز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ اس حملے میں تیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ کنڑ سے آنے والے حملہ آوروں کی سربراہی حفیظ اللہ عرف کوچوان، مفتی الدین عرف شبیر اور تورملادیر سے تعلق رکھنے والے تین شدت پسند کمانڈروں نے کی۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرنے کیلئے پشاور میں ایک جوائنٹ کمیشن بنایا گیا ہے جو فیصلہ کرے گا کہ ان عناصرکے خلاف کیا کارروائی کی جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.