15 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:24
کپاس کی قیمتوں میں کمی، برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل
آج نیوز - عالمی مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث رواں مالی سال چوبیس ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال برآمدات میں ستر فیصد اضافہ مقامی اور عالمی مارکیٹس میں کپاس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دیکھا گیا اور گزشتہ سال کپاس کی قیمتوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ ہوا تھا۔ جبکہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں کپاس کی قیمت بری طرح گر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستانی برآمدکندگان کو رواں مالی سال برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ عالمی مارکیٹ میں بھی کپاس کی قیمت اٹھارہ ماہ کی کم ترین سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں چار ماہ کے دوران کپاس کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح چودہ ہزار روپے سے گر کر اٹھارہ ماہ کی کم ترین سطح چھ ہزار روپے فی من پر آچکی ہے۔