تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:23

ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل اشتہاری قرار

آج نیوز - اسلام آباد کے سول جج نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ فرائض میں غفلت برتنے پر گرفتار تیرہ پولیس اہلکاروں کی ضمانت منظور کرلی گئی۔نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کرپشن کیس میں ملوث مسلم لیگ ن کے ایم این اے انجم عقیل خان کو جمعہ کی شب ان کے درجنوں ساتھی پولیس حراست سے چھڑا کر لے گئے تھے۔ ملزم کی تلاش میں دن بھر پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم گرفتاری میں ناکامی پر ایس ایچ او شالیمار تھانہ کی درخواست پر سول جج اسلام آباد نے انجم عقیل خان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پچاس پچاس ہزار مچلکوں پر انجم عقیل خان کے فرار کے بعد گرفتار کئے گئے تمام تیرہ پولیس اہلکاروں کی ضمانت منظور کرلی۔ گزشتہ شب فرائض میں غفلت برتنے پر ان اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ رہائی پانے والوں میں ایک ایس ایچ او، ایس پی ، دو سب انسپکٹر اور نو کانسٹیبلز شامل ہیں۔دوسری جانب انجم عقیل خان کو پولیس حراست سے چھڑانے کے الزام میں گرفتار بتیس افراد کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک میں پیش کیا گیا۔ ابتدائی سماعت کے بعد جج ملک اکرم اعوان نے گیارہ ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے تھانہ شالیمار پولیس کی تحویل میں دے دیا جبکہ اکیس ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.