16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:26
کراچی: کچھی رابطہ کمیٹی کی ریلی پر فائرنگ، سات افراد زخمی
آج نیوز - کراچی میں ماڑی پور روڈ پر کچھی رابطہ کمیٹی کی ریلی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔کچھی رابطہ کمیٹی کے کارکن لیاری میں گینگ وار کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ ریلی جب ماڑی پور روڈ پر فٹبال اسٹیڈیم کے قریب پہنچی تو نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال کراچی لایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں فریدہ زوجہ حسین ، اصغر،عرفان ولد حسین،محمد صدیق، محمد فاروق، عبدالرحمان اور بلال شامل ہیں۔ زخمیوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ وہ ریلی میں شریک تھے کہ نامعلوم افراد نے آئی سی آئی پل پرسے اچانک فائرنگ کر دی۔ بعد ازاں ریلی کے شرکاء نے فائرنگ کے واقعے کے باوجود ماڑی پور روڈ پر دھرنا دیا۔ مظاہرے کے باعث ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور ملحقہ سڑکوں پر بھی شدید ٹریفک جام رہا۔ مظاہرین وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کے لیے نیٹی جیٹی پل پر پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ بعد میں پولیس نے مظاہرین کے ساتھ دھرنا ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے اورمظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔