تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:5

لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی جاری

آج نیوز - لاڑکانہ سینٹرل جیل میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن کے دوران قیدیوں کی ہنگامہ آرائی سے ایک اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مزید پیش قدمی روک دی ہے۔ آٹھ یرغمال اہلکاروں کی بازیابی کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدیوں کی بغاوت اب تک ختم نہیں کی جاسکی۔ پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام نے آج صبح اجلاس میں صورتحال پر غور کیا اور اہلکاروں کی بازیابی کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
لاڑکانہ سینٹرل جیل میں احتجاج کرنے والے قیدیوں کے خلاف پولیس اور رینجرز نے آج صبح مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔ جس میں ایک ہزار کے قریب اہلکار حصہ لے رہے تھے۔ آپریشن کے دوران قیدیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ جس کے باعث جیل میدان جنگ کا منظر پیش کر رہی تھی۔ آپریشن کے دوران قیدیوں کے پتھراوٴ اور تشدد سے ایک پولیس اہلکار شہید اور ڈی ایس پی سول لائن محمد امین کھوسو سمیت چھ اہلکار اور تین قیدی زخمی ہوگئے۔ قیدیوں نے آٹھ اہلکاروں کو بھی یرغمال بنالیا۔ رینجرز اور پولیس نے جیل کے پچاس فیصد حصے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ اٹھانوے قیدیوں نے خود کو جیل انتظامیہ کے حوالے کردیا۔ جنہیں سکھر جیل منتقل کیا جارہا ہے۔ گذشتہ روز قیدیوں نے سینٹرل جیل لاڑکانہ سے صوبے کی دیگر جیلوں میں منتقلی کے خلاف احتجاج کیا۔ جیل میں موجود چار سو بیالیس قیدیوں نے احتجاج کرتے ہوئے جیل کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا اور پولیس پر پتھراوٴ کیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.