19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:5
رمضان المبارک کی آمد ،پھل و سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر
آج نیوز - رمضان المبارک کی آمد آمد کے ساتھ ہی لاہور میں لگنے والے اتوار بازاروں میں پھل اور سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، عوام پریشان ہیں کہ منافع خور ماہ مقدس میں ان کے ساتھ کیسا سلوک کریں گے۔ حکومت نے رمضان المبارک میں سستے بازار لگانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ عوام کو توقع تھی کہ اب جبکہ ماہ مبارک کے شروع ہونے میں چند یوم باقی ہیں، اتوار بازاروں میں بکنے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا گراف گر چکا ہو گا لیکن ان بازاروں میں فروخت ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کے نرخ پہلے سے کہیں زیادہ کر دیئے گئے ہیں۔
اتوار بازار سے باقاعدگی کے ساتھ خریداری کے لئے آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بیچی جانے والی اشیا کے معیار سے وہ مطمئن نہیں۔ بعض لوگوں کے مطابق اتوار بازار سستے بازار قطعی نہیں ہیں، وہ محض وقت بچانے کے لئے ہفتے بھر کے لئے سبزیاں خرید لیتے ہیں۔ رمضان بازار میں آلو تیس، ٹماٹر اڑتالیس، لہسن ایک سو، ادرک پچانوے، سبز مرچ پینتیس، اروی تیس، لیموں پچھہتر، کریلے پچاس، کدو چالیس بینگن تیس، بھنڈی چالی، شملہ مرچ پچاس، آم ستر سے اسی، آڑو اسی، آلوبخارا ایک سو اور سیب ایک سو پینتالیس روپے فی کلو بیچا گیا۔
اتوار بازار کے تیور دیکھ کر بخوبی سمجھا جا سکتا ہے کہ رمضان المبارک میں لگائے جانے والے مجوزہ سستے بازار محض نام کے سستے بازار ہوں گے۔