19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:5
فوجی دور حکومت میں ترقی نہیں ہوتی، مشرف
آج نیوز - سابق صدر پرویز مشرف نے اعتراف کیا ہے کہ فوجی دور حکومت میں ترقی نہیں ہوتی۔ اگر وہ اقتدار میں آئے تو بلدیاتی نظام بحال کریں گے۔ نیویارک میں آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن قوم کے ساتھ بلی چوہے کا کھیل کھیل رہی ہیں۔ غیر آئینی مارشل لاء کا دور گزر گیا ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو ہزار دو میں نیا پولیس نظام متعارف کرایا لیکن موجودہ حکومت پولیس محکمے کو اٹھارہ سو چونسٹھ میں لے گئی۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت لال مسجد آپریشن یا بگٹی کے قتل کی وجہ سے نہیں گئی۔ ان حالات میں جو فیصلے کیے وہ درست ثابت ہوئے۔ پرویز مشرف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں میڈیا ان کی وجہ سے آزاد ہوا۔ سائیکلوں پر گھومنے والے اینکرز آج مرسیڈیز کے مالک ہیں۔