19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:5
افغانستان: سیکورٹی مقامی فورسز کے حوالے کرنے کی تقریب
آج نیوز - افغانستان کی سیکورٹی مقامی فورسز کے حوالے کرنے کی تقریب خوف اور دہشت کے سائے میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا پہلے سے اعلان کیا گیا اور نہ ہی ٹیلی وژن پر براہ راست دکھائی گئی۔ صدر کرزئی بھی شریک نہیں ہوئے۔ نیٹو اور امریکا کے اعلانات کے مطابق افغانستان کی سیکیوریٹی مقامی فورسز کے حوالے کرنے کا آغاز گذشتہ روز ایک تقریب میں ہوا اور نیٹو نے وسطی صوبے بامیان کا کنٹرول افغان سیکیوریٹی فورسز کے حوالے کیا۔ افغان صدر حامد کرزئی کے مارچ میں کئے گئے اعلان کردہ منصوبے کے مطابق بامیان ان سات علاقوں میں پہلا صوبہ ہے جہاں کا کنٹرول مقامی فوج کو دیا گیا ہے۔ افغانستان کے کئی وزراء اور غیر ملکی سفیر اختیارات کی منتقلی کی اس تقریب میں شرکت کے لئے بامیان پہنچے لیکن اس طرح کہ تقریب کا باقاعدہ اعلان پہلے سے نہیں کیا گیا۔ میڈیا بھی نہایت محدود تعداد میں مدعو تھا اور یہ تقریب براہ راست ٹیلی وڑن پر بھی نشر نہیں ہوئی۔ اس سے پہلے اس علاقے میں نیوزی لینڈ کی فوج تعینات تھی، منصوبہ کے مطابق نیوزی لینڈ کی فوج مزید کچھ عرصہ علاقہ میں تو رہے گی لیکن اب افغان فوج کے تحت ہوگی۔ یار رہے کہ بامیان افغانستان کا سب سے زیادہ پرامن صوبہ ہے اور یہاں پر غربت و افلاس کا راج ہے۔ بی بی سی کے مطابق اگر اختیارات کی یہ منتقلی کارآمد نہیں ہوئی تو افغانستان کے نسبتا زیادہ غیر محفوظ علاقوں میں اختیارات کی منتقلی زیاہ آسان نہیں رہے گی۔