19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:6
ہاکی:پاکستان،بھارت میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریگا
آج نیوز - پاکستان انیس ستمبر سے بھارت میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ستمبر میں بھارت میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے حکومت سے این او سی لینے کی درخواست کردی۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ انیس سے چھبیس ستمبر تک بھارت کے شہر چندی گڑھ اور جالندھر میں کھیلے جانے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں بھارت، پاکستان، ارجنٹائن اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فیڈریشن نے ایونٹ میں شرکت کے لئے حکومت سے این او سی دینے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ یورپ میں قومی ٹیم کو اپنی خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے،جن پر کام کرکے چیمپئنز ٹرافی اور اولمپکس کے لئے بہترین کمبی نیشن تشکیل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی سینئر ہو یا جونیئر، جو کارکردگی دکھائے گا، قومی ٹیم کا حصہ بنے گا۔سیکرٹری آصف باجوہ نے بتایا کہ پہلی ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ یہ ایونٹ تین سے گیارہ ستمبر تک چین کے شہر شنگھائی میں ہو گا،جس میں پاکستان کے علاوہ چین، بھارت، ملائیشیا، کوریا اور جاپان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔