19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:6
کراچی: مزید 8 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا
آج نیوز - سیاسی گرمی بھی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کو ٹھنڈا نہ کرسکی۔ کراچی میں مزید آٹھ افراد موت کی نیند سلادیئے گئے۔ فائرنگ کا تازہ واقعہ آج صبح کھارادر میں پیش آیا۔ جنرل اسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے بائیس سالہ شخص کو قتل کردیا۔ رات بارہ بجے کے بعد ملیر گوشت مارکیٹ میں دہشتگردوں نے چودہ سالہ شفقت کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ لیاری میں زخمی ہونے والا سیاسی کارکن سول اسپتال میں دم توڑ گیا۔ اس سے پہلے گولی مار پیتل گلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حفیظ اور ساجد مْلا کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق حفیظ سیاسی تنظیم کا سابق یونٹ انچارج اور ساجد کالعدم تنظیم کا علاقائی ذمہ دار تھا۔ بھیم پورہ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔ اورنگی ٹاوٴن بخاری کالونی میں فائرنگ سیاسی کارکن کے زخمی ہونے کے بعد اورنگی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ اسی دوران بکرا پیڑی کے قریب پرائیویٹ بس پر فائرنگ سے سترہ سالہ نوجوان سید نوید ہلاک اور رفیق نامی شخص زخمی ہوا۔ کورنگی میں ولید خان نامی شخص نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔