20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:30
عاصمہ جہانگیر کی ججز تقرری نظام پر شدید تنقید
آج نیوز - سپریم کورٹ بار کی صدر عاصمہ جہانگیر نے عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کے نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں سیاست عروج پر ہے۔لاہور میں آج نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سپریم کورٹ بارکی صدر عاصمہ جہانگیر نے جسٹس طفیل ابراہیم کے استعفےٰ پر شدید رد عمل کا اظہار کیا، انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے اعتراض کیے جانے کے باوجود ججوں کو تعینات کیا جاتا ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ بھی اس بارے میں نرم رویہ اختیار کرتی ہے۔سپریم کورٹ بار کی صدر عاصمہ جہانگیر نے اس صورتحال کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ججوں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو شفاف اور بہتر بنانا ہو گا۔