22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:59
سرحد پار دہشتگردی کے مراکز برداشت نہیں کریں گے، بھارت
آج نیوز - بھارت نے ایک بار پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کے مراکز موجود ہیں جو برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات چار روز بعد نئی دلی میں ہورہے ہیں۔ ستائیس جولائی کو وزراء خارجہ کی ملاقات اور بات چیت ہوگی۔ ان مذاکرت کے لئے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نئی دلی جارہی ہیں لیکن اس سب سے پہلے ہی بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے ایک بیان داغ دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر سرحد پار دہشت گردی کے مراکز پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے یہ مراکز برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا پاک۔بھارت سکریٹری خارجہ مذاکرات کے ایجنڈے میں دہشت گردی کا مسئلہ سرفہرست ہوگا۔ بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں گذشتہ ہفتے تین دھماکے ہوئے تھے جن میں بیس افراد ہلاک ہوئے۔ بھارت اب تک کوشش کے باوجود ان دھماکوں میں پاکستان کا ہاتھ تلاش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ دو ہزار آٹھ کے ممبی دھماکوں کے بعد بھی بھارت نے پاکستان سے مذاکرات معطل کردئے تھے لیکن بھارت نے اس اقدام کو غلطی قرار دیا ہے۔