22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:12
اسلام آباد:آٹھ سالہ بچے کیخلاف مقدمہ درج
آج نیوز - اسلام آباد پولیس کی پھرتیاں۔ اہم مقدمات میں مطلوب افراد کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں آٹھ سالہ معصوم بچے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ کا رہائشی آٹھ سالہ اذان جو ان دنوں پولیس اکیڈمی میں لگائے گئے سمر کیمپ میں سوئمنگ اور میوزک کی تربیت حاصل کر رہا ہے،پندرہ جولائی کو اذان اور شاہنواز آپس میں کھیل رہے تھے کہ دھکم پیل میں شاہنواز کو چوٹ آئی اور معاملہ تھانے پہنچنے پر چوتھی جماعت کا طالب علم اذان سبزی منڈی پولیس کو مطلوب ہو گیا۔پولیس جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے اور معمولی نوعیت کے کیسز کو نبٹانے میں کئی عرصہ لگا دیتی ہے لیکن سفارش ہو تو پولیس فوری حرکت میں آجاتی ہے،شاہنواز کی بہن کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ننھے اذان اور اس کے والد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا۔قانون کی نظر میں اتنی سنگین دفعات بچوں پر لاگو نہیں ہوتیں لیکن پولیس نے حقائق اور قانون کو مدنظر رکھنے کی بجائے دو بچوں کی لڑائی میں بھی روایتی کردار ادا کیا۔