22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:43
مقبوضہ کشمیر:غلام نبی فائی کی گرفتاری کیخلاف احتجاج
آج نیوز - وادی مقبوضہ کشمیرآج سراپا احتجاج ہے،امریکا میں کشمیری رہنما غلام نبی فائی کی گرفتاری اوربھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری خاتون کی اجتماعی عصمت دری پرعوام احتجاجاً سڑکوں پرنکل آئے۔ کشمیریوں کا احتجاج کچلنے کیلئے رہنما سید علی گیلانی اور میرواعظ عمرفاروق ساتھیوں سمیت نظربند کردئیے گئے۔مقبوضہ وادی آج ایک مرتبہ پھربھارتی مظالم پرسراپا احتجاج ہے۔ امریکا میں گرفتارکشمیری رہنما غلام نبی فائی کی حمایت میں سرینگر، کلگام، سوپور، اورشوپیاں سمیت اکثرعلاقوں میں لوگ سڑکوں پرنکل آئے،اجتماعات جمعہ کے بعد مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران وادی میں مکمل ہڑتال کا سماں رہا،دکانیں بند اورلوگ سڑکوں پربھارت سے آزادی کے مطالبات کرتے رہے جبکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری خاتون کی عصمت دری اور سوپورسے لڑکیوں کی ماورائے قانون گرفتاری پرہزاروں کشمیری خواتین،بچے، اورمردوں نے دھمال ہانجیپورہ میں پولیس اسٹیشن کے سامنے بھارت کے خلاف نعرے لگائے اورملزمان کوگرفتارکرنے کا مطالبہ کیا۔بھارتی پولیس نے حسب روایت کشمیریوں کی فریاد سردخانے منتقل کردی،دوسری جانب خاتون کے ساتھ زیادتی کے خلاف مظاہرے میں شرکت سے روکنے کیلئے بھارتی فوج نے حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ،بزرگ رہنماسید علی گیلانی اورشبیرشاہ سمیت دیگر ساتھیوں کونظربند کردیا۔ رہنماؤں کے گھروں کی نگرانی پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ نظربند کشمیری رہنماؤں نے پیغام میں کہا ہے کہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فوج کی درندگی کا کھلا ثبوت ہے اورغلام نبی فائی کوکشمیریوں کیلئے جدوجہد کی سزادی جارہی ہے۔