25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:4
سلیم شہزاد کمیشن:مقتول صحافی کا بلیک بیری ریکارڈ پیش کرنے سے معذرت
آج نیوز - مقتول صحافی سلیم شہزاد کا ای میل ریکارڈ تحقیقاتی کمیشن کو پیش نہیں کیا جاسکا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بلیک بیری کا ای میل پاسپورٹ غیر ملکی کمپنی کے پاس ہے۔سلیم شہزاد تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی صدارت میں ہوا جس میں صحافیوں امتیاز عالم اور قمر یوسفزئی نے شہادتیں قلمبند کرائیں۔ سیکریٹری اطلاعات تیمور عظمت صحافیوں کو بتایا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر شاہد ندیم بلوچ بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ مقتول سلیم شہزاد چونکہ بلیک بیری استعمال کرتے تھے اس لئے ان کی ای میل کا پاس ورڈ مقامی موبائیل کمپنی کے بجائے غیر ملکی کمپنی کے پاس ہے۔ اس لئے ریکارڈ نہیں مل سکتا۔ انھوں نے کمیشن کو بتایا کہ اگر مرحوم کے اہلخانہ امریکی کمپنی سے رابطہ کریں یا حکومت پاکستان امریکی عدالت سے سفارتی طریقے سے رجوع کرے تو پاس ورڈ اور ڈیٹا مل سکتا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کمیشن پہلے ہی آئی جی اسلام آباد کو سفارتی سطح پر معاملہ اٹھانے کی ہدایت کرچکی ہے تاہم اب مرحوم کے اہلخانہ سے بھی درخواست کی جائے گی۔ کمیشن نے پاکستان میں کام کرنے والی تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت کی کہ اس کیس کے سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کو جو بھی معلومات درکار ہوں فراہم کی جائیں۔ پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے بتایا کہ کمیشن کا اجلاس بدھ کی دوپہر دوبارہ ہوگا جس میں سلیم شہزاد کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کی شہادتیں قلمبند کی جائیں گی۔