25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:45
پنجاب میں یوریا کی مصنوعی قلت
آج نیوز - پنجاب میں کھاد ڈیلر یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کر کے فی بوری پانچ سو روپے تک ناجائز منافع کما رہے ہیں، جس سے خریف کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔یوریا کھاد کی گزشتہ سال قیمت آٹھ سو پچاس روپے فی بوری تھی جو اس سال بارہ سو پینتالیس روپے تک پہنچ گئی لیکن کسانوں کو اس قیمت پر بھی یوریا کھاد دستیاب نہیں۔ مارکیٹ میں کھاد کی عدم دستیابی کے باعث اس کی قیمت سترہ سو روپے فی بوری سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وقت دھان کو یوریاکی اشد ضرورت ہے لیکن لاہور، شیخوپورہ، گوجرانولہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد اور قصور کے کسان یوریا کی مصنوعی قلت پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔کھاد ڈیلروں کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں ان کی ڈیمانڈ کی بیس فیصد مقدار بھی فراہم نہیں کر رہی ہیں، اگر درآمدی یوریا مارکیٹ میں لائی جائے تو مسئلے کا حل نکل سکتا ہے۔حالیہ بارشوں کے بعد چاول کی اچھی فصل کی توقع کی جا رہی تھی لیکن یوریا کھاد کی قلت نے کسانوں کی امیدوں پر اوس ڈال دی ہے۔