25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:7
لاہور:پارکنگ کے ٹھیکیدار نے پولیس اہلکار کی دھلائی کردی
آج نیوز - وکلا کے ہاتھوں پولیس پر تشدد کے واقعات تو منظر عام پر آتے رہے ہیں مگر اب تو عدالت کے باہر پارکنگ ٹھیکیدار بھی کوتوال بن بیٹھے،لاہور میں سیشن کورٹ کے باہر موٹر سائیکل اسٹینڈ کے ٹھیکیدار نے ساتھیوں سے مل کر ایک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی وردی پھاڑ دی۔پولیس کے مطابق سیشن کورٹ میں تعینات اہلکار عزادار حسین سائیکل اسٹینڈ پر اپنی موٹرسائیکل کھڑی کرنے لگا تو ٹھیکیدار نے اسے روک دیا، جس پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور نوبت لڑائی جھگڑے تک پہنچ گئی۔ ٹھیکیدار نے سیشن کورٹ میں موجود دوسرے سائیکل اسٹینڈز کے عملے کو بلا لیا اور انہوں نے مل کر پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی وردی بھی پھاڑ دی۔پولیس نے سائیکل اسٹینڈز کے تین ٹھیکیداروں کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا ہے جبکہ دو فرار ہو گئے۔ حراست میں لئے جانے والے ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس اہلکار پر تشدد نہیں کیا، ملزم فرار ہو چکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔