26 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:35
لاہور: میوزیکل اور تفریحی کھیل ''بہروپیا'' پیش کیا گیا
آج نیوز - لاہور میں بی این یو کے تھیٹر ، فلم اور ٹیلی ویژن ڈیپارٹمنٹ کے طالب علموں نے میوزیکل اور تفریحی کھیل ''بہروپیا'' پیش کیا۔الحمرا آرٹ سنٹر میں پیش کیا جانے والا یہ کھیل اٹالین ڈرامہ نگار کے کھیل ایکسیڈنٹل دیتھ آف اے انارکسٹ سے ماخوذ تھا، جسے حرا فرخ نے ''بہروپیا'' کے ٹائیٹل سے تحریر اور ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس مزاحیہ،تفریحی اور نغماتی کھیل کا مرکزی کردار ایک بہروپیا ہے جو پولیس کے کردار اور تفتیش کے انداز کو مزاحیہ انداز میں کچھ یوں عیاں کرتا ہے کہ دیکھنے والے ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک لیڈی رپورٹر اور خواجہ سرا بھی پولیس کو مزاحیہ انداز میں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جو دیکھنے والوں کی تفریح طبع کا باعث بنتا ہے۔ کھیل میں جہاں بہترین پرفارمینسز دیکھنے کو ملیں، وہیں کہانی میں جھول بھی دکھائی دیئے۔ بہروپئے کا مرکزی کردار ادا کرنے والے طالب علم شاہ فہد کی پرفارمینس قابل تعریف ہے ۔بیکن ہاوٴس یونیورسٹی کا یہ میوزیکل اور تفریحی کھیل ستائیس جولائی تک جاری رہے گا۔