26 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:18
پاک بھارت مذاکرات پر اپوزیشن کا اعتماد حاصل ہے، حنا ربانی
آج نیوز - وفاقی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں ہونے والے پاک بھارت مذاکرات کے لئے حکومت کو تمام اپوزیشن جماعتوں کا اعتماد حاصل ہے ان کا کہنا ہے کہ بھارت سے کشمیر اور پانی سمیت تمام ایشوز پر بات چیت ہوگی۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات کے لئے بھارت روانگی سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کی باتوں کو دہرانے کے بجائے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔ مذاکرات میں خطے کے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے کا حل کشمیریوں کو شامل کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات اور تعلقات کسی بیرونی قوت سے متاثر نہیں ہوں گے۔