26 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:48
صدر زرداری،فوزیہ وہاب،اداکاراورسیاستدان
آج نیوز - صدرآصف علی زرداری اکثر اپنی تقریروں میں سیاسی اداکاروں کی کھچائی کرتے رہتے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ خود صدر زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے کئی رہنما باقاعدہ اداکاررہ چکے ہیں،فوزیہ وہاب تو ایک ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں، پیپلزپارٹی کی سابق سیکرٹری اطلاعات اوراپنی گھن گھرج دارگفتگو کے لیے مشہور رہنما فوزیہ وہاب پی ٹی وی کے ڈرامے میں اپنے فن کامظاہرہ کرچکی ہیں۔فوزیہ وہاب نے سیاسی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے پی ٹی وی کی ڈرامہ سیریل کہر میں ہیرو کی کزن کا کردارنبھایا تھا۔ حسینہ معین کا تحریرکردہ یہ سیریل انیس سو اکانوے بیانوے میں نشر ہوا۔سیریل کے ہیرو معروف ماڈل جنید بٹ تھے جبکہ دوسرے اہم اداکاروں میں مرینہ خان،شکیل،فریحہ الطاف اورجمشید انصاری شامل تھے۔ فوزیہ وہاب نے اپنی فطرت کے خلاف اس ڈرامے میں پرامن خاتون کا کردارادا کیا۔فوزیہ وہاب کی طرح ان کے رہنما آصف زرداری بھی اداکاری کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔انہوں نے انیس سوانہترمیں ریلیز ہونے والی فلم سالگرہ میں وحیدمراد کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔پیپلزپارٹی کی ایک اوررہنما اورسندھ میں وزیرکے منصب پر فائض شازیہ مری بھی اپنی فنی صلاحیتیں استعمال کرچکی ہیں لیکن اداکاری میں نہیں بلکہ میزبانی میں۔ وہ کافی عرصے تک مقامی ٹی وی چینل پر سیاسی گفتگوکا پروگرام کرچکی ہیں۔