26 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:10
سیلاب سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی تیاری مکمل نہیں،آکسفیم
آج نیوز - برطانوی امدادی ادارے آکسفیم نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں اس سال بھی سیلاب سے نمٹنے کے لئے انتظامات نہیں کئے گئے۔دو ہزار دس کے سیلاب کو ایک سال مکمل ہونے پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آکسفیم کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس سیلاب سے دس ارب ڈالر کا نقصان ہوا، لاکھوں متاثرین آج بھی مسائل کا شکار ہیں۔ بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف سندھ میں سینتیس ہزار افراد ابھی تک خیموں میں مقیم ہیں جبکہ ملک کے اسی ہزار افراد مکانوں سے محروم ہیں۔ اگر سیلاب دوبارہ آیا تو یہ لوگ غربت کی انتہائی حدوں تک جاپہنچیں گے۔ پاکستان میں آکسفیم کی سربراہ نے بتایا کہ تباہ ہونے والے حفاظتی پشتوں کی تعمیر و مرمت بھی نہیں ہوئی۔ اس موقع پرسیلاب سے بچاؤ کے بہتر انتباہی نظام کی مقامی لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے مثبت اثرات کے حوالے سے ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔