27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 1:3
کراچی : فائرنگ ،دس افراد قتل
آج نیوز - شہر کراچی میں خاتون سمیت دس افراد قتل کردیئے گئے۔ ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ بوری بند لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ شہر کے تین مختلف علاقوں سے چار بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں۔ شریف آباد ریلوے پھاٹک کے قریب سے دو بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں۔ جو ایک مرد ایک اور عورت کی تھیں۔ پولیس کے مطابق عورت کو گلہ گھونٹ کر جب کہ مرد کے سر پر بھاری چیز سے وار کرکے قتل کیا گیا۔ سرجانی ٹاون کے علاقے سیکٹر دس سے تین روز پرانی لاش ملی۔
اورنگی ٹاوٴن سے ملنے والی لاش کو یعقوب عرف بابر کے نام سے شناخت کیا گیا۔ اورنگی ٹاوٴن میں فائرنگ سے دو افراد قتل ہوئے مقتولین سیاسی کارکن تھے۔ اورنگی ٹاوٴن سیکٹر ون ڈی میں فائرنگ سے شاہد حسین اور دس سالہ بچی شازیہ بھی زخمی ہوئے۔ اس واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے ایک ٹرک کو آگ لگادی۔ مواچھ گوٹھ میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے قریبی رشتہ دار کو قتل کردیا۔ نیوکراچی الیون ڈی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ گزشتہ روز گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد آج دم توڑ گئے۔