27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 1:37
پاک بھارت وزراء خارجہ مذاکرات آج ہورہے ہیں
آج نیوز - پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات آج ہو رہے ہیں۔ وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت نے تاریخ سے سبق سیکھے ہیں تاہم دونوں ملکوں پرتاریخ کا کوئی بوجھ نہیں،دونوں ممالک اچھے پڑوسی دوستوں کی طرح آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارت کیلئے پاکستانی عوام کی نیک خواہشات ساتھ لائی ہوں۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات میں شرکت کیلئے نئی وزیرخارجہ حناربانی کھرنئی دلی پہنچ گئیں۔ ائیرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو میں حنا ربانی کھرنے کہا کہ مذاکرات کونتیجہ خیزبنانے کی بھرپورکوشش کریں گے،پاکستان اوربھارت نے تاریخ سے بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔
بھارت روانگی سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں حنا کھرنے کہا کہ پاکستان ماضی کی باتوں کو دہرانے کے بجائے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔ مذاکرات میں خطے کے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے کا حل کشمیریوں کو شامل کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔